کاروبار شروع کرنے یا اسے وسعت دینے کے لیے قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو آسان فنانسنگ فراہم کرنے کے لیے ’’ایس ایم ای کنیکٹ‘‘ کے نام سے نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے پلیٹ فارم کے ذریعے ایس ایم ای قرضوں کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے، جس سے کاروباری افراد کو بینکوں سے مالی معاونت حاصل کرنے میں سہولت ملے گی۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت، تیزی اور مؤثریت آئے گی، جبکہ ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی مالی وسائل تک رسائی بھی بہتر ہوگی۔اعلامیے کے مطابق یکم نومبر سے ایس ایم ای قرضوں کی تمام درخواستیں صرف ایس ایم ای کنیکٹ پلیٹ فارم کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق بینکوں میں نقد رقوم کے لین دین کی رپورٹنگ سے متعلق حد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نئی تبدیلی کے تحت یومیہ 30 لاکھ روپے سے زیادہ کے نقد لین دین کی تفصیلات فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کو فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ اس سے پہلے یہ حد 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کی روک تھام اور مالیاتی نظام کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے اضافی اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی اینٹی کرپشن اداروں کو بھی اختیارات دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔