وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو قطر سے گیس کی فراہمی جاری ہے اور دسمبر و جنوری کے دوران بھی گیس کی وافر مقدار دستیاب رہے گی۔

نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال نے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چھ ماہ سے اس مشکل صورتحال کا کامیابی سے سامنا کر رہا ہے۔ حکومت غریب اور مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈی والا پیٹرول دے رہی ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین شفاف انداز میں کیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ قطر سے گیس کی آمد جاری ہے اور دسمبر و جنوری میں بھی ملک کو گیس کی مسلسل اور وافر فراہمی برقرار رہنے کی توقع ہے۔