اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشتگردی روکنے کی ذمہ داری پوری کرے۔

ترجمان افغان طالبان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ طالبان حکومت کے ترجمان کا مؤقف گمراہ کن ہے اور اس سے افغان قیادت کی سوچ واضح ہوتی ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان قیادت دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی اصل وجوہات تسلیم کرنے کے بجائے مسلسل پاکستان کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک افغان تعلقات میں تناؤ کی بنیادی وجہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کا جاری رہنا ہے، تاہم طالبان حکومت اس اہم معاملے کو نظر انداز کر رہی ہے۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ کابل حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

بیان کے مطابق پاکستان کو اپنی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے اور ملکی تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔