وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی گزشتہ 13 سالہ حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی سے متعلق وضاحت طلب کرلی۔

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سوال کیا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے 800 ارب روپے سے کتنے سیف سٹی منصوبے مکمل کیے گئے؟ محکمہ انسداد دہشتگردی کو کس حد تک مضبوط بنایا گیا اور وعدوں کے مطابق کتنے اسپتال، جامعات اور ڈیم تعمیر کیے گئے؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال کے دوران عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کے بجائے بڑے بڑے دعوے کیے گئے، جبکہ لانگ مارچ اور دھرنوں کی سیاست کو ترجیح دی گئی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر بروقت فیصلہ نہ کیا جاتا تو خیبرپختونخوا کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔ ان کے مطابق عوام، ملک، معیشت اور معاشرے کو محفوظ رکھنے کے لیے فیصلہ کرنا ناگزیر ہوگیا تھا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔