اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ مستحق خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر ایل پی جی کی فراہمی میں ریلیف دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے تناسب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت تقریباً 450 روپے بنتی ہے، تاہم بعض عناصر کی جانب سے ناجائز منافع خوری کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ حکومت عوام کو سستی ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ ایل پی جی کی درآمد کا نظام مسابقتی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے، جبکہ تمام کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر گیس کی قیمتیں نمایاں طور پر درج کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ مقامی ایل پی جی کی فراہمی کے لیے نیلامی کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے۔ اسی مقصد کے تحت مستحق افراد کو بی آئی ایس پی کے ریکارڈ کے مطابق ایل پی جی پر مالی ریلیف فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ایل پی جی سے متعلق کیے گئے فیصلوں کی وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔