حکومت نے ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے جانے والے آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مختلف شعبوں میں اب تک کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ذرائع کے مطابق اے آر ڈی سی کی اب تک کی کارکردگی اور پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر عمل درآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

حکومتی اجلاس میں سیکیورٹی اقدامات، اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔