شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کرلیا، کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 نومبر 2026 کو سکیورٹی فورسز نے میر علی کے جنوبی مضافاتی علاقے میں واقع گاؤں موزک میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔ آپریشن کا ہدف مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق کارروائی کے دوران مساجد میں قائم کیے گئے دہشت گردوں کے دو مراکز کو کلیئر کیا گیا۔ ان مقامات سے پہلے سے تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات، بم بنانے میں استعمال ہونے والا سامان، مختلف اقسام کے ہتھیار اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے عبادت گاہوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے وہاں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کر رکھا تھا، جبکہ مبینہ طور پر ان مقامات پر تشدد کے مراکز بھی قائم کیے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا فتنۃ الخوارج کی جانب سے اسلامی تعلیمات اور عبادت گاہوں کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہے۔