تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کے دوران زیر تعمیر ٹنل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد منصوبے پر تعمیراتی کام روک کر ہنگامی اقدامات شروع کردیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر وسیم احمد کے مطابق ٹنل کا حصہ گرنے کے فوراً بعد پانچویں توسیعی منصوبے پر کام معطل کردیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ پر ایمرجنسی نافذ کرکے حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے۔

دوسری جانب واپڈا نے واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پانچویں توسیعی منصوبے کی کنیکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ اچانک گر گیا، جس کے باعث ان ٹیک پٹ سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔

واپڈا کے مطابق واقعے کے بعد تمام ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے، جبکہ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس وقت زیریں حصے میں واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہورہا۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے واپڈا کے اعلیٰ افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز موقع پر موجود ہیں۔

واپڈا نے وضاحت کی ہے کہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں، حادثہ پانچویں توسیعی منصوبے کی زیر تعمیر کنیکٹنگ ٹنل میں پیش آیا ہے۔