تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں آج رات مزید اضافی پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریا میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

ممکنہ صورتحال کے پیش نظر اٹک اور ہری پور کے اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اٹک نے دریائے سندھ کے قریب واقع گاؤں چھچھ کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کردیں۔ اس سلسلے میں حضرو انتظامیہ کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات بھی کروائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ شام کے وقت تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

مشیر آبپاشی کے مطابق دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرکے ایک ہزار 490 فٹ تک لائی جا رہی ہے، جس کا عمل دوپہر 12 بجے تک مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔