اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایل پی جی سلنڈرز کی قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کے بجائے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی پی ایل) کو دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی ہدایات پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان اسٹیٹ آئل اور سوئی سدرن گیس پائپ لائن کمپنی کو ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت مقرر کرنے کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔

دوسری جانب ایل پی جی سے لدے جہازوں کی درآمد کے آرڈرز بھی جاری کردیے گئے ہیں، جن کی آئندہ ہفتے پاکستان آمد متوقع ہے۔

حکام کو امید ہے کہ ایل پی جی کی درآمد اور قیمتوں کے تعین کے نئے انتظامات کے نتیجے میں ملک بھر میں گیس کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئے گی۔