پاکستان میں ڈیجیٹل سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق سامنے آنے والے اعداد و شمار نے نئی توجہ حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 12 کروڑ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور شناختوں کی تعداد 8 کروڑ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور یوٹیوب پاکستانی صارفین کے مقبول ترین ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والوں کی تعداد 10 کروڑ ہوچکی ہے، جہاں روزانہ ڈیڑھ ارب سے زائد ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔ اسی طرح واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد بھی 10 کروڑ تک پہنچ گئی ہے، اس پلیٹ فارم پر روزانہ ایک ارب کالز کی جاتی ہیں جبکہ 12 ارب پیغامات کا تبادلہ ہوتا ہے۔

یوٹیوب بھی پاکستانی صارفین میں غیر معمولی مقبولیت رکھتا ہے، ملک میں اس کے صارفین کی تعداد 9 کروڑ 60 لاکھ تک جا پہنچی ہے، جہاں روزانہ تقریباً 56 کروڑ ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔

مزید برآں پاکستان میں 13 ہزار سے زائد ایسے یوٹیوب چینلز موجود ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال میں یہ اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کی مقبولیت اور آن لائن سرگرمیوں کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے۔