پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے اپنی چھوٹی بہن شائستہ عباس کے علاج اور تدفین کے انتظامات میں تعاون کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس طویل عرصے تک کینسر کے مرض سے لڑنے کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔
اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنی مرحومہ بہن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مریم نواز کے لیے اظہارِ تشکر کیا۔
اپنی پوسٹ میں میرا کا کہنا تھا کہ وہ مریم نواز شریف کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی بہن کے علاج معالجے کے دوران بھرپور تعاون کیا اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ اگرچہ ان کی بہن اب اس دنیا میں موجود نہیں، تاہم اس مشکل گھڑی میں مریم نواز کی جانب سے کی جانے والی مدد اور نیکی کو وہ اور ان کا خاندان ہمیشہ یاد رکھے گا۔
میرا نے اپنی دعاؤں میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مریم نواز کو اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔