اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تربیلا فائیو توسیعی پن بجلی منصوبے کی ٹنل کا کمزور حصہ گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزارت آبی وسائل کے مطابق واپڈا اتھارٹی کے حکام آج متاثرہ مقام کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ اس دوران ٹنل کا حصہ گرنے کی وجوہات اور واقعے سے جڑے تمام پہلوؤں کا معائنہ کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے دورے اور ابتدائی جائزے کے بعد واقعے کی باقاعدہ انکوائری کرانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ صورتحال کا جائزہ مکمل ہونے پر آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کے اسباب، پس منظر اور تمام حقائق پر مشتمل رپورٹ پیش کی جائے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں حادثے کی وجوہات، اب تک کیے گئے اقدامات، ہونے والے نقصانات اور ذمہ داران کے تعین سے متعلق تفصیلات بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔