گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دوسروں کو انصاف اور اصولوں کی باتیں تو کرتے ہیں، لیکن خود قبضے کی جگہ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
پشاور کے گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان خود تو حلوہ کھاتے ہیں، مگر دوسروں کو اس سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان دوستانہ تعلقات اپنی جگہ، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ زرداری صاحب کرپشن کے الزامات پر مولانا کو تحفظ فراہم کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) میں مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے پر عائد کرپشن کے الزامات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں اور اس معاملے کا احتساب ضروری ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ سیاسی فائدہ جے یو آئی نے حاصل کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت میں جے یو آئی کو اپنی مرضی کی اہم وزارتیں دی گئیں، جن میں وزارت مذہبی امور، ہاؤسنگ اور مواصلات شامل تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بظاہر کوئی بڑی وزارت ایسی نہیں بچی تھی جو جے یو آئی کو نہ دی گئی ہو۔ فیصل کریم کنڈی کے مطابق اگر کرپشن کے الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو متعلقہ افراد کو قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔