وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی ٹنل کے ایک حصے کے منہدم ہونے کا نوٹس لیے جانے کے بعد چیئرمین واپڈا نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے دورے کے دوران ٹنل کا کمزور حصہ گرنے کی ممکنہ وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام سے بریفنگ لی اور واقعے کی جامع محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا۔
واپڈا ترجمان کے مطابق چیئرمین نے کنسلٹنٹس کو ہدایت کی ہے کہ حادثے کی وجوہات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ جلد پیش کی جائے۔ واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات بھی شروع کردیے گئے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ٹنل حادثے کے باوجود تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔
چیئرمین واپڈا نے منصوبے کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر کم کرنے کے لیے ہنگامی حکمت عملی تیار کرنے اور تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا فائیو توسیعی پن بجلی منصوبہ عالمی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے مالی تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد قومی نظام میں مزید 1530 میگاواٹ بجلی شامل ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹنل کا حصہ منہدم ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے واقعے کے اسباب، پس منظر اور تمام حقائق سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ میں ہونے والے نقصان اور ممکنہ ذمہ داریوں کا تعین بھی کیا جائے گا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔