راولپنڈی میں خاتون نیوز اینکر کے قتل کے معاملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق احسن طاہر کا ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری میں کیا گیا، جو دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ ٹیسٹ ملزم سے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے گئے۔ ان سوالات میں الماری میں پستول کی موجودگی اور فائرنگ کے واقعے سے متعلق امور بھی شامل تھے۔

ٹیسٹ کے دوران ملزم کے جوابات کے ساتھ اس کی جسمانی کیفیت کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور دیگر جسمانی تبدیلیوں کو مانیٹر کیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولی گرافک ٹیسٹ کے نتائج پر مشتمل رپورٹ آئندہ چند روز میں تیار ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں ملزم کے بیانات اور واقعے سے متعلق اس کے مؤقف کا مزید جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔