بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو آیت الکرسی کندہ زمرد کا ہار پہننے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ نے کرینہ کپور اور ان کی اسٹائلسٹ ریحا کپور کو قانونی نوٹس ارسال کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے دیوالی کے موقع پر روایتی لباس میں اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، جن میں ان کے گلے میں موجود زمرد کے ہار پر آیت الکرسی کندہ دکھائی دے رہی تھی۔

عباس حفیظ نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ قرآن پاک کی آیات کو فیشن یا زیبائش کے لیے استعمال کرنا مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

قانونی نوٹس کے ذریعے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرینہ کپور فوری طور پر متعلقہ تصاویر سوشل میڈیا سے ہٹائیں اور اس معاملے پر غیرمشروط طور پر عوامی معافی بھی مانگیں۔

عباس حفیظ نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو وہ پولیس یا عدالت سے رجوع کریں گے۔

دوسری جانب کرینہ کپور اور ریحا کپور کی جانب سے تاحال قانونی نوٹس یا اس تنازع پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔