پنجاب کے بڑے شہر لاہور اور ملتان شدید فضائی آلودگی اور سموگ کی لپیٹ میں آگئے، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے سمیت روزمرہ معمولات میں مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 344 سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک رہی، جہاں پیراگون سوسائٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 671 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 561 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش ہونے کے امکانات 10 فیصد ہیں۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ادھر ملتان میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خراب ہے، جہاں آلودگی کی اوسط شرح 507 ریکارڈ کی گئی۔ سموگ کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ملتان اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ بارش سے فضا میں موجود آلودگی اور سموگ کی شدت میں کمی واقع ہوگی، تاہم بارشوں کے بعد سردی بڑھنے اور درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان بھی ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت ماسک پہنیں اور آنکھوں سمیت سانس کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔