وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کسی حکمت عملی کا حصہ تھی۔ انہوں نے اس حوالے سے گردش کرنے والی سازشی تھیوری کو مسترد کردیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف اپیل پر جس روز فیصلہ آئے گا، اسی دن تمام قیاس آرائیاں اور ابہام بھی ختم ہوجائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور اداروں کے درمیان فاصلے نہ ماضی میں پیدا ہوئے ہیں اور نہ ہی مستقبل میں ایسا ممکن ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیات پر اعتماد ہی اس تعلق کی بنیادی وجہ ہے۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ان کے وکلا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات کروائی گئی تھی، جو دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں وکلا نے عمران خان سے مختلف مقدمات اور زیرِ سماعت درخواستوں کے حوالے سے تفصیلی قانونی مشاورت کی۔ اس موقع پر بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات اور دیگر قانونی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔