سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 74 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقوں میر علی اور اورکزئی میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کارروائیاں کیں، جن میں میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کرم میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مختلف جھڑپوں میں مزید 31 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ان ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔