عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید نیچے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکا کی جانب سے ایران پر تیل کی ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات میں کسی حد تک کمی آئی ہے۔ تاہم مشرق وسطیٰ میں بحری جہازوں پر حملوں کے خطرات اب بھی برقرار ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد ایک سینٹ کی کمی سے 95.41 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے نرخ 20 سینٹ یعنی 0.25 فیصد کمی کے بعد 88.52 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔
قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے دوران جمعرات کو ہونے والی کمی نے گزشتہ دو روز کے اضافے کے اثرات بھی زائل کردیے۔ اس کی ایک وجہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق ابتدائی امیدوں کا کمزور پڑنا بھی ہے۔
دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے اہم انفراسٹرکچر پر حملوں اور خلیجی ممالک سے خام تیل لے جانے والے آئل ٹینکرز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات نے عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رکھی ہوئی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔