سپریم کورٹ آف پاکستان نے وراثتی جائیداد کے تنازعات سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وراثت میں ملنے والا قانونی حق محض وقت گزرنے، خاموشی یا عدم دلچسپی کی بنیاد پر ختم نہیں ہوسکتا، تاہم اپنے حق سے انکار کا علم ہونے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے چھ سال کی مدت مقرر ہوگی۔
عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی بینچ نے وراثتی جائیداد کے مقدمات میں مدتِ معیاد کے اطلاق سے متعلق اصول واضح کرتے ہوئے حکومت کو وراثتی جائیداد کی بروقت تقسیم یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی سفارش بھی کی ہے۔
فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ والد یا والدہ کے انتقال کے ساتھ ہی وراثت میں ملنے والا حصہ متعلقہ وارث کی ملکیت بن جاتا ہے اور کسی بھی وارث کو اس کے شرعی حصے سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
سپریم کورٹ کے مطابق چھ سالہ قانونی مدت کا آغاز اس وقت ہوگا جب کسی وارث کو واضح طور پر معلوم ہوجائے کہ اسے اس کے وراثتی حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ صرف وراثتی انتقال میں نام شامل نہ ہونے یا غلط اندراج کی بنیاد پر مدتِ معیاد شروع نہیں ہوگی، جبکہ ایک وارث کا جائیداد پر قبضہ بھی دوسرے ورثا کے حقوق ختم نہیں کرسکتا۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ وراثتی حق سے دستبرداری کے لیے وارث کی آزادانہ رضامندی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق جائیداد کی منتقلی لازمی ہے۔ محض زبانی دعووں یا جعل سازی کے ذریعے کسی شخص کو اس کے قانونی وراثتی حصے سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
فیصلے کے مطابق اگر کسی وارث کا انتقال ہوجائے تو اس کے قانونی ورثا بھی جائیداد میں اپنے حق کے حصول کے لیے دعویٰ دائر کرسکتے ہیں، بشرطیکہ مرحوم وارث کو اپنی زندگی میں وراثتی حق سے محرومی کا علم نہ ہوا ہو۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔