ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگی صورتحال کے اثرات خطے کی تجارت اور بحری نقل و حمل پر بھی مرتب ہونے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی سے خلیجی ممالک کی اہم بندرگاہوں تک کنٹینرز کی ترسیل کے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق کراچی بندرگاہ سے خلیجی ممالک کی مختلف بڑی بندرگاہوں تک 40 فٹ کنٹینر کے مال برداری اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں، جس سے پاکستان کی درآمدی اور برآمدی سرگرمیاں متاثر ہونے لگی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب کی بندرگاہ جدہ کے لیے کنٹینر فریٹ بڑھ کر 6 ہزار 664 ڈالر ہوگیا ہے، جس میں پہلے کے مقابلے میں 4 ہزار 664 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ جبل علی کے لیے بھی مال برداری کے اخراجات بڑھ کر 6 ہزار ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ اس روٹ پر فریٹ میں 3 ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق قطر کی بندرگاہ حمد کے لیے 40 فٹ کنٹینر کا کرایہ بڑھ کر 8 ہزار 800 ڈالر ہوگیا ہے، جس میں 7 ہزار 500 ڈالر تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح کویت کی بندرگاہ شویخ کے لیے کنٹینر فریٹ 8 ہزار 500 ڈالر تک جا پہنچا ہے، جبکہ اس روٹ پر مال برداری کے اخراجات میں 6 ہزار 700 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
شپنگ اخراجات میں اس بڑے اضافے سے پاکستانی تاجروں اور درآمد و برآمد سے وابستہ کاروباری حلقوں کے لیے مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ اس کے اثرات تجارتی لاگت پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔