ملتان میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کرنے لگا ہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے قائم کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹس غیر فعال ہونے کے باعث شہری صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں نصب 364 واٹر فلٹریشن پلانٹس میں سے بیشتر خراب پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں شہری مہنگے داموں پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب متعدد علاقوں کے مکین مضرِ صحت زیرِ زمین پانی استعمال کرنے پر بھی مجبور ہیں۔
پاکستان کونسل آف ریسرچ اِن واٹر ریسورسز (PCRWR) کی رپورٹ میں ملتان کے مختلف علاقوں کے زیرِ زمین پانی میں آرسینک کی مقدار بڑھنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گارڈن ٹاؤن، بہادرپور چوک اور ملتان پبلک اسکول روڈ کے پانی میں آرسینک کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی ہے۔
صاف پانی کی فراہمی کے حکومتی وعدوں کے باوجود صورتحال میں بہتری نہ آنے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت کرکے انہیں فعال بنایا جائے اور عوام کو پینے کے لیے محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔