وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام اگر عوامی خواہشات اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے عمل میں آتا ہے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے ایک تقریب کے دوران نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو میں بعض ایسی باتیں کی تھیں جن پر انہیں اعتراض تھا، تاہم ان تحفظات کا جواب بھی دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی جانب سے گزشتہ روز دیے گئے بیان کے بعد اب کسی اعتراض کی گنجائش باقی نہیں رہی۔ ان کے مطابق محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی اپنی اہمیت ہے اور نئے صوبے تمام جماعتوں کی مشاورت اور اتفاق رائے سے قائم کیے جائیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اس عمل میں کسی سیاسی جماعت کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو مشاورت سے باہر رکھا جائے گا۔ صوبوں کا قیام عوام کی خواہشات سے مشروط ہوگا، اگر عوام چاہیں گے تو نئے صوبے بنیں گے اور اگر ان کی مرضی نہیں ہوگی تو ایسا نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی رائے اور سیاسی اتفاق سے ہونا ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا تو اس سے بہتر بات کوئی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر اتفاق رائے قائم ہونے میں چھ ہفتے لگیں، چھ ماہ یا چھ سال، اہم بات یہ ہے کہ فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے۔