بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنی وسائل کی تلاش کے دوران سونے اور تانبے کے ذخائر کی موجودگی کے حوصلہ افزا شواہد سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق علاقے کے کم از کم 8 مختلف مقامات پر قیمتی معدنیات کی موجودگی کا پتا چلا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے این آر ایل کے چیئرمین محمد علی ٹبہ نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے ضلع چاغی میں معدنی ذخائر کی تلاش کے دوران اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
نجی کمپنی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کی جاچکی ہے، جس کے نتائج حوصلہ افزا قرار دیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک مقام پر 295 میٹر کی مسلسل گہرائی تک تانبے اور سونے کے آثار ملے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 295 میٹر کی ڈرلنگ کے دوران تانبے کی مقدار 0.43 فیصد جبکہ سونے کی مقدار 0.13 گرام فی ٹن ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈرلنگ کے 132 میٹر حصے میں تانبے کی شرح 0.83 فیصد سامنے آئی ہے۔
کمپنی نے بلوچستان میں معدنیات کی مزید تلاش اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کے تحت 10 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔