عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ اس رقم سے دیہی سندھ میں پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

عالمی بینک کے مطابق اس منصوبے کے تحت سندھ کے دیہی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم نصب کیے جائیں گے، جبکہ جدید سیوریج اور صفائی کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

منصوبے کے ذریعے سندھ کی تقریباً 80 فیصد دیہی آبادی کو پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما سے متعلق مسائل میں کمی لانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق دیہی سندھ میں پانچ سال سے کم عمر نصف سے زائد بچے عمر کے لحاظ سے مناسب نشوونما حاصل نہیں کر پارہے، جس کی ایک اہم وجہ صاف پانی اور صفائی کی ناکافی سہولیات ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں صاف پانی اور صفائی کا 10 سالہ منصوبہ چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جس کے پہلے مرحلے پر مجموعی طور پر 54 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

اس منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک 15 کروڑ ڈالر جبکہ سندھ حکومت 9 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔

عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں اس وقت اس کے تعاون سے 47 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 16 ارب 10 کروڑ ڈالر ہے۔