پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام خط ارسال کردیا، جس میں انہوں نے اپنی صحت اور زندگی کو درپیش خطرات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔

خط میں عمران خان نے مؤقف اپنایا ہے کہ اڈیالہ جیل میں مسلسل تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے بلڈ پریشر کی سطح 192 اور 193 تک پہنچ گئی تھی، جبکہ دل کی صحت بھی متاثر ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک کے سنگین خدشات ظاہر کیے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے خط میں نشاندہی کی کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 18 اگست 2026 کو جاری کیے گئے حکم پر تاحال عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق عدالت نے انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور ماہر امراض چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ انہیں اڈیالہ جیل میں روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور اہل خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی بھی محدود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رواں سال انہیں اپنے وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی وکلا سے محض ایک بار ملاقات کی اجازت ملی۔

خط میں یہ شکایت بھی کی گئی ہے کہ ان کے بیٹوں کو ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، حالانکہ عدالتی احکامات کے تحت ہفتے میں دو مرتبہ رابطے کی سہولت فراہم کی جانی تھی۔ اسی طرح اہلیہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے مسلسل منسوخ کی جا رہی ہے۔

عمران خان کے مطابق جیل کے میڈیکل بورڈ نے ذہنی صحت بہتر رکھنے کے لیے اہل خانہ سے زیادہ رابطے، مطالعے اور ٹیلی ویژن دیکھنے کی سفارش کی تھی، تاہم جیل انتظامیہ نے ان تجاویز پر بھی عمل درآمد نہیں کیا۔