اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی معیشت کی صورتحال سے متعلق مالی سال 2025-26 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں معیشت کے تمام بڑے اشاریوں میں بہتری اور ملکی اقتصادی صورتحال میں استحکام کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران پاکستانی معیشت نے اندرونی اور عالمی سطح پر مختلف معاشی چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ محتاط مالیاتی پالیسی اور معاشی اصلاحات کے نتیجے میں حاصل ہونے والے استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بحالی کے باعث حقیقی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مرکزی بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہ سکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ معاشی سرگرمیوں میں تیزی کے باعث درآمدات میں اضافہ ہوا، تاہم عالمی حالات کے ناموافق ہونے کی وجہ سے برآمدات کی رفتار محدود رہی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مسلسل اضافے نے بیرونی ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث مالی سال 2026 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صرف 0.1 فیصد تک محدود رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی نمایاں مقدار میں خریداری اور پیشگی واجبات میں کمی کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔