پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی طویل عرصے سے اس مؤقف کے حامی رہے ہیں کہ صوبوں کا حجم کم کرکے انہیں مزید چھوٹے انتظامی یونٹس میں تقسیم کیا جانا چاہیے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ براہِ راست بات چیت ہونی چاہیے تاکہ معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے واضح لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر سے بھی یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بات چیت اصولی بنیادوں پر کی جائے، اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ آگے کس سمت میں جانا ہے اور کیا اقدامات ممکن ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی تک تمام متعلقہ افراد کو رسائی فراہم کی جائے تو مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق القادر کیس کی اپیلوں پر جس تیزی سے زور دیا جا رہا ہے، اس سے کئی خدشات جنم لے رہے ہیں۔
صوبوں کی انتظامی تقسیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے دہرایا کہ عمران خان چھوٹے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حامی رہے ہیں، تاہم مذاکرات کا دائرہ صرف اسی ایک معاملے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ دیگر امور پر بھی بات چیت ضروری ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کو طبی سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جائے اور انہیں ان کی خواہش کے مطابق اسپتال منتقل کرنے کا انتظام کیا جائے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔