لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے اپنے سیاسی عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کو مستقبل میں پاکستان کے وزیراعظم کے منصب پر دیکھنا چاہتی ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں اپنا کھویا ہوا سیاسی مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق صوبے میں آج بھی پارٹی کے لیے امکانات موجود ہیں اور عوام کے دلوں میں پیپلز پارٹی کی محبت برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی کامیابی صرف بڑی شخصیات یا مقبول رہنماؤں پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ مضبوط تنظیم، کارکنوں کی محنت اور مؤثر سیاسی حکمت عملی بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ نوجوانوں کو سیاست میں آگے لانے اور رضاکارانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔

فریال تالپور کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ انتخابی نشستوں کی تقسیم سے متعلق کوئی بات نہیں کر رہیں، تاہم پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کے لیے ابھی سے تیاری شروع کر دینی چاہیے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس خواہش کا اظہار کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنتا دیکھنا چاہتی ہیں۔

خواتین کی گرفتاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو جیلوں میں نہیں ہونا چاہیے۔ مردوں سے متعلق معاملات میں مردوں ہی سے جواب طلب کیا جائے اور خواتین کو ایسے معاملات میں شامل نہ کیا جائے۔