وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹروں کا میڈیکل بورڈ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سرجری تجویز کرتا ہے تو حکومت اس حوالے سے تمام ضروری سہولیات مہیا کرے گی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے علاج اور طبی دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی گئی۔ حکومت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر طبی ماہرین سرجری ضروری قرار دیتے ہیں تو حکومت اس میں بھی تعاون کرے گی۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے الزام عائد کیا کہ مخالفین پہلے انتشار اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے، تاہم ناکامی کے بعد مذاکرات کی بات کرنے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی، لیکن دوسری جانب سے تعاون نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف واضح ہے کہ تمام مسائل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔ تاہم یہ تاثر درست نہیں کہ مذاکرات کی میز پر کسی قسم کی ڈیل یا رعایت زیرِ غور ہے۔
صوبوں کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ جلد پارلیمنٹ میں زیرِ بحث آئے گا۔ ان کے مطابق یہ ایسا معاملہ نہیں جس کا فیصلہ کسی ایک فرد کی گفتگو سے ہو سکے، بلکہ اس پر پارلیمان میں تفصیلی بحث اور مشاورت کے بعد ہی کوئی پیش رفت ممکن ہوگی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔