نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے بارشوں کی کمی اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث سندھ اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں خشک سالی کے شدید خطرے سے متعلق ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں خشک سالی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے چاغی اور واشک اضلاع بھی خشک سالی کی صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ خشک سالی کے پیش نظر متعلقہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ بارشوں میں کمی، طویل عرصے تک خشک موسم اور بڑھتا ہوا درجہ حرارت اس صورتحال کی بنیادی وجوہات قرار دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ پانی کی قلت کے باعث زرعی سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ فصلوں کی پیداوار میں بھی کمی کا سامنا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ زرعی پیداوار میں کمی کے باعث غذائی عدم تحفظ کے خدشات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پانی کے ذخائر اور دستیاب آبی وسائل کے مؤثر استعمال کے ساتھ متاثرہ آبادی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اتھارٹی نے عوام کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور مویشیوں کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے متعلقہ محکموں کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر اور ہدایات پر عمل کریں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔