وفاقی وزیر مواصلات اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام اگر الگ صوبے کا مطالبہ کرتے ہیں تو ان کی جماعت اس جدوجہد میں بھرپور ساتھ دے گی۔

دریائے سندھ پر لیہ، تونسہ پل سے منسلک سڑکوں کی تعمیر کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بھی ترقی کے وہی مواقع اور حقوق ملنے چاہئیں جو ملک کے دیگر علاقوں کو حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا گیا ہے۔ پل کی تعمیر تقریباً 10 سال قبل مکمل ہوگئی تھی، تاہم اس کے دونوں اطراف رابطہ سڑکیں تعمیر نہیں کی گئی تھیں۔ اب ان سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم جلد اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ رابطہ سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد لیہ اور تونسہ کے درمیان گھنٹوں کا سفر چند منٹوں میں طے کیا جاسکے گا۔

عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کے لیے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو مکمل معاوضہ ادا کرنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) زمینوں کے معاوضے کی پوری رقم ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرچکی ہے، اب انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ شہریوں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کے تمام آئینی اور ترقیاتی حقوق ملنے چاہئیں۔ اگر عوام الگ صوبہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو آئی پی پی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی اور اس مقصد کے لیے عوامی جدوجہد میں بھی شریک ہوگی۔

دوسری جانب لیہ پہنچنے پر عبدالعلیم خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے خوشی کا اظہار کیا۔

تقریب میں سابق رکن پنجاب اسمبلی سید رفاقت علی گیلانی سمیت جنوبی پنجاب کی دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے منصوبے پر پیش رفت اور اپنا وعدہ پورا کرنے پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔