اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین کو ایک مرتبہ پھر اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اکتوبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرا دی ہے۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو مجموعی طور پر 10 ارب 35 کروڑ یونٹ بجلی فراہم کی گئی۔

نیپرا حکام کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے سے متعلق درخواست پر 26 نومبر کو سماعت ہوگی، جس کے دوران سی پی پی اے کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار اور مؤقف کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نیپرا نے اضافے کی درخواست منظور کر لی تو ملک بھر کے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 29 ارب 80 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔

تاہم بجلی کے نرخوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ نیپرا سماعت مکمل کرنے اور متعلقہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد کرے گا۔