خیبرپختونخوا حکومت نے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹس کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کو پوائنٹس دیے جائیں گے، جبکہ مقررہ حد سے تجاوز کرنے پر ان کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جا سکیں گے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس نظام کا اطلاق ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی اور پی ایس وی کیٹیگری کے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد پر ہوگا۔
نئے قواعد کے تحت ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں کے لیے 2 سے 15 تک ڈی میرٹ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔ ٹریفک حادثے میں کسی شخص کی ہلاکت کا سبب بننے والے ڈرائیور کو 15 پوائنٹس دیے جائیں گے، جبکہ حادثے میں کسی شخص کے شدید زخمی ہونے پر 10 پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔
اسی طرح معمولی نوعیت کے ٹریفک حادثے پر 8 اور سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی صورت میں 6 ڈی میرٹ پوائنٹس درج کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے ڈرائیور کو 10 پوائنٹس دیے جائیں گے، جبکہ گاڑی میں مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافر یا سامان لے جانے پر 6 پوائنٹس عائد ہوں گے۔
ٹریفک سگنل توڑنے، غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور پولیس اہلکار کے رکنے کے اشارے کو نظر انداز کرنے پر بھی 6، 6 ڈی میرٹ پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اگر کسی ڈرائیور کے دو سال کے دوران 10 سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس جمع ہوجائیں تو اسے وارننگ جاری کی جائے گی، جبکہ اسی مدت میں 20 سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس معطل کردیا جائے گا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔