پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی اور پروپلشن سسٹم سے آراستہ فتح 3 سپرسانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح 3 میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس ہے، جو اسے جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ بناتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح 3 سپرسانک رفتار سے طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میزائل کی شمولیت سے پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل استعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح 3 کروز میزائل پاکستان کی روایتی دفاعی قوت کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ملکی دفاعی حکمت عملی کو بھی تقویت دے گا۔

میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔