پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی بردار جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا، جسے ملک میں ایل پی جی کی درآمد اور فراہمی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نئے نظام کے تحت ایل پی جی کے پہلے بڑے کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو مناسب نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا یہ ریکارڈ کارگو ملک میں گیس کی درآمد کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ماضی میں مختلف ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر پا رہی تھیں، تاہم نئے انتظامات سے اس شعبے میں بہتری کی توقع ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس پیش رفت سے بالخصوص موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق آئندہ چند ہفتوں کے دوران ایل پی جی کے مزید جہاز بھی پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی میں اضافہ ہوگا اور صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔