ملک میں نقدی پر مبنی معیشت غیر قانونی رقوم کی منتقلی کا ایک بڑا وسیلہ بن چکی ہے، جبکہ سولر پینلز کی درآمد کے پردے میں 60 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ سامنے آئی ہے۔

نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے سربراہ مشتاق سکھیرا نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک بلڈوزر ڈرائیور کے بینک اکاؤنٹ میں 12 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا بھی سراغ لگایا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوہستان میگا کرپشن کیس میں بھی رقوم کی منتقلی کے لیے مقامی بینکوں کا استعمال ہوا اور بینکنگ سیکٹر منی لانڈرنگ میں سہولت کاری کر رہا ہے۔ مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک پالیسی پیپر بھی وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

قائمہ کمیٹی نے بینکوں کے ذریعے ہونے والی منی لانڈرنگ اور سائبر فراڈ کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ مانگ لی ہے اور آئندہ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں، کمیٹی نے پی ٹی اے کو حکم دیا ہے کہ ایک فرد کے نام پر رجسٹرڈ ہونے والی سمز اور موبائل فونز کی تعداد کو محدود کیا جائے۔