نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے متعدد شہروں میں اسموگ کی لہر مزید شدید ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر باضابطہ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق لاہور، قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں فضائی آلودگی اور اسموگ کا تناسب بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

اس کے علاوہ جنوبی اور وسطی پنجاب کے اضلاع جن میں جھنگ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور شامل ہیں، وہاں بھی اسموگ اور شدید دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہونے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ادارے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ زہریلی فضا کے باعث سانس لینے میں تکلیف، آنکھوں میں جلن اور پھیپھڑوں کے عوارض لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے کم عمر بچوں، معمر افراد اور دمہ یا سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر انتہائی محتاط رہیں، ٹریفک پولیس کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور دھند و اسموگ کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔