پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت نافذ العمل مختلف پابندیوں کی مدت میں 30 دن کے اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جاسوسی کے مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے آلات اور خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ خفیہ کیمروں سے لیس عینکوں اور دیگر ریکارڈنگ آلات کے استعمال سمیت ان کی خرید و فروخت پر عائد پابندی کو بھی مزید ایک ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پین، عینکوں اور روزمرہ کی دیگر اشیاء میں نصب خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ ڈیوائسز کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

علاوہ ازیں، پورے صوبے میں خفیہ ریکارڈنگ کے آلات کی عام مارکیٹوں، دکانوں اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے خرید و فروخت پر بھی مکمل پابندی عائد رہے گی۔

تاہم، اعلامیے کے مطابق عام استعمال کے موبائل فونز، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظور شدہ ٹرمینل آلات کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔