سعودی عرب میں حوثی شدت پسندوں کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت دارالحکومت ریاض کی سب سے بلند عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ حملہ کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ٹاور پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں عمارت کی متعدد منزلوں کے ساتھ ساتھ اطراف کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم سعودی سول ڈیفنس نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب مملکت کے جنوبی حصے کی جانب بھی ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا، جسے سعودی دفاعی اتحاد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی ناکام بنا کر تباہ کر دیا۔ سعودی حکومت نے اس واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شہری تنصیبات کو ہدف بنانے کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سعودی حکام نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی علاقائی خودمختاری، قومی تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، اور حوثیوں کی یہ کارروائیاں پورے خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔