چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ’یادگارِ شہداء‘ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بہادر صفِ اول کی فورس قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا پولیس کی استقامت اور فتنہ الخوارج کے خلاف دی جانے والی قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے باہمی اشتراک سے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل نے اس عزم کو دہرایا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور خیبرپختونخوا میں قائم کیے گئے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔
دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے مقامی افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع کے لیے پختہ عزم کو خوب سراہا۔
علاوہ ازیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں اور انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو پائیدار بنانے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں میران شاہ آمد پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔