لاہور: سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی مہر سعید ظفر نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی رہنما چوہدری سالک حسین نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مہر سعید ظفر کی آمد سے جماعت کو نئی تقویت ملے گی، جبکہ مہر سعید ظفر کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف چوہدری سالک حسین کا مؤقف تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید اہم سیاسی شخصیات بھی پارٹی کا حصہ بنیں گی۔
لاہور میں منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہر سعید ظفر جیسے تجربہ کار سیاستدان کی شمولیت جماعت کے لیے خوش آئند ہے، اور ہماری سیاست کا اصل مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینا ہے۔
اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے اپنے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محض عوامی جذبات کی ترجمانی کی تھی، لیکن ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر غلط رنگ دیا گیا اور ایک عوامی مسئلے کی نشاندہی کو سازش قرار دینے کا تاثر قائم کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہرجانے کے نوٹس کا جواب جمع کرا دیا گیا ہے اور اگر عدالت نے طلب کیا تو تمام شواہد بھی پیش کیے جائیں گے۔
تقریب میں مہر سعید ظفر نے دعویٰ کیا کہ مستقبل قریب میں مزید سابق ارکانِ اسمبلی اور نمایاں سیاسی شخصیات مسلم لیگ (ق) میں شامل ہوں گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد امجد، غلام مصطفیٰ ملک، مسز فرخ خان اور دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔