امریکی وفاقی اداروں کے ڈیجیٹل نظام ہیکرز کے نشانے پر آگئے ہیں، جس کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر کے ڈیٹا بیس میں نقب لگائی گئی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سائبر حملہ آوروں نے مجرموں کے کوائف، وارنٹ گرفتاری اور پس منظر سے جڑی انتہائی خفیہ دستاویزات تک رسائی حاصل کرلی ہے، جبکہ اسی دوران امریکی محکمہ زراعت کے کمپیوٹر سسٹم کو بھی سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا کہنا ہے کہ ہیک ہونے والا ایف بی آئی کا یہ ڈیٹا بیس امریکا بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کلیدی معلومات مہیا کرتا ہے، جس میں ملزمان کا سابقہ ریکارڈ، گرفتاری کے احکامات اور دیگر اہم تفصیلات محفوظ ہوتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس سیکیورٹی خلاف ورزی کے باعث مجرمانہ سرگرمیوں کے ریکارڈ اور ذاتی معلومات افشا ہوگئی ہیں۔

علاوہ ازیں ہیکرز نے امریکی محکمہ زراعت کے نیٹ ورک کو بھی ہدف بنایا۔ این بی سی نیوز کے مطابق محکمہ زراعت کے ترجمان نے اس سائبر دراندازی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں نے کمپیوٹر نظام سے ڈیٹا چرانے کی کوشش کی۔

امریکی حکام نے ان دونوں سائبر حملوں کے محرکات، ہونے والے ممکنہ نقصان کا اندازہ لگانے اور ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔