پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 30 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جنہیں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر مختلف کیٹیگریز میں رکھا گیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بابر اعظم اور سلمان آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس کے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں، جبکہ صرف ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔
وائٹ بال (محدود اوورز) کیٹیگری میں ابرار احمد، حارث رؤف، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین آفریدی اور فخر زمان جگہ پانے میں کامیاب رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کیٹیگری میں حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شاداب خان، محمد سلمان مرزا، عثمان طارق اور نسیم شاہ کے نام شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں (ڈویلپمنٹ پلیئرز) کے گروپ میں علی رضا، عبدالصمد، عمران رندھاوا، محمد طحہٰ، سعد مسعود، شاہزیب خان، عبید شاہ، عبداللہ فضل اور طیب عارف کو کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے میڈیا بریفنگ میں واضح کیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا قومی اسکواڈ میں شمولیت یا سلیکشن سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہے، اور کنٹریکٹ سے محروم رہنے والے کرکٹرز بھی کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں منتخب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تینوں فارمیٹس کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو اس فہرست میں جگہ دی گئی ہے اور تمام کنٹریکٹس کو کارکردگی کے معیار پر چار مختلف حصوں میں بانٹا گیا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔