پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں ان کی جماعت کو برابر کی نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ان کا علاج شفا انٹرنیشنل اسپتال سے کروایا جائے اور اہلِ خانہ و وکلا سے ان کی ملاقاتوں پر عائد پابندی ختم کی جائے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ان کا بنیادی مطالبہ مساوی نمائندگی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی طبیعت کے بارے میں پارٹی کو شدید تحفظات لاحق ہیں اور ان کی صحت پر کسی قسم کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالتِ عظمیٰ بھی یہ حکم دے چکی ہے کہ عمران خان کا طبی معائنہ و علاج شفا اسپتال سے کرایا جائے، ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، اور انہیں اہلِ خانہ و ذاتی معالج سے ملنے کی اجازت دی جائے، جب تک اس طریقہ کار پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوتا ہمیں اطمینان نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور سابق وزیراعظم، ایک بڑے سیاسی رہنما اور قیدی ہونے کے ناطے یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جبکہ دیگر وکلا جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پارٹی کے زیرِ انتظام نہیں ہے، جس کی وضاحت سلمان اکرم راجا پہلے ہی عدالت میں کر چکے ہیں اور آئندہ سماعت پر بھی عدالت کو اس بارے میں دوبارہ آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25 نومبر کو القادر ٹرسٹ کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہوں گے اور ان کی خواہش ہے کہ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔