پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے آئین میں تبدیلی کی کوشش ایک نئے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔ ان کا سوال تھا کہ کیا وزیراعظم، صدر اور چیف جسٹس کے عہدوں سے متعلق بھی ریفرنڈم کرایا جائے گا؟ انہوں نے کہا کہ طاقت کے ذریعے قائم کیے جانے والے اصول زیادہ دیر برقرار نہیں رہتے۔

لاہور میں ندیم افضل چن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کو متحد کرنے کی بات کررہے ہیں، جبکہ دوسری جانب تقسیم کی باتیں کی جارہی ہیں۔ کیا ریفرنڈم کے ذریعے آئین کی بنیادوں کو متاثر کرنا مقصود ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ آئین میں ترمیم کا اختیار صرف سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے۔

پریس کانفرنس میں ندیم افضل چن نے کہا کہ ماضی میں ملک میں دو ریفرنڈم منعقد ہوئے اور دونوں کے انعقاد پر بدنیتی کے سوالات اٹھائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اب تک بلدیاتی انتخابات بھی شفاف انداز میں نہیں کرائے جاسکے۔

ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی حکومت گرانے کی بات نہیں کی بلکہ بعض وزرا اپنے بیانات سے معاملات کو پیچیدہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی نظام کو مستحکم کرنے اور قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ہر معاملے پر پیپلز پارٹی اپنا مؤقف پیش کرتی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کو بھی اپنے وزرا کے بیانات کے حوالے سے وضاحت دینی چاہیے تھی۔