اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے تمام اہم فیصلے عوام کی خواہشات اور امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حکومتی اقدامات اور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ انتظامی یونٹس کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانا مسائل کے حل کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حقیقی اور سب سے بڑے شراکت دار عام شہری ہیں، اگر آج درست فیصلے نہ کیے گئے تو مستقبل میں اس کے منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوام کو سہولیات کی فراہمی سے جڑا ہوا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بہتر طرز حکمرانی، انتظامی امور میں بہتری اور ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا بھی ہے۔
چوہدری شجاعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بھی اس بات پر زور دیا کہ عوام کی خواہشات اور منشا کے مطابق فیصلے کرنا موجودہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔