پشاور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے خفیہ اطلاع پر تھانہ بڈھ بیر کے علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق علاقے میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر تاج محمد عرف شینے کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی وہاں چھپے دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی اور فریقین کے مابین تقریباً 20 سے 25 منٹ تک شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ فائرنگ رکنے کے بعد علاقے کی تلاشی لی گئی تو 5 دہشت گرد مردہ حالت میں پائے گئے، جن کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور بڑی تعداد میں کارتوس برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ یہ عناصر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔